بنگلورو،18؍جون (ایس او نیوز) وزیراعلیٰ بی ایس یڈی یورپا نے کرناٹک میں کورونا وائرس کو قابو میں رکھنے کے لئے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں وزیراعظم مودی کو ویڈیو کانفرنس کے دوران تفصیلات سے آگاہ کروایا اور کہاکہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوجود بھی ریاست میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے حکومت کی تدابیر مؤثر ثابت ہورہی ہیں۔ کرناٹک ملک کی واحد ریاست ہے جس نے سب سے زیادہ لوگوں کا کووِڈ ٹسٹ کروایا ہے۔
انہوں نے کہاکہ فی الوقت ریاست میں کورونا سے متاثر ہونے والے ایک لاکھ افراد کی سہولت دستیاب ہے۔ آنے والے دنوں میں یہ سہولت دو لاکھ لوگوں کو مہیا کرانے کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ مشتبہ کورونا معاملات کی جانچ کے لئے 673؍فیور کلینک ریاست کے تمام اضلاع میں قائم کئے جاچکے ہیں۔ ان کلینکوں کا مقصد یہ ہے کہ کورونا وائرس کے مشتبہ معاملات کی وجہ سے اسپتالوں کے روز مرہ کام کاج پر اثر نہ پڑے اور کسی بھی معاملے کی نشاندہی کے فوراً بعد متاثرین کو کووِڈ اسپتال روانہ کردیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ ریاست کے 1.68کروڑ خاندانوں میں سے 1.5کروڑ خاندانوں کا ہیلتھ سروے کروایا جاچکا ہے۔ جو افراد ایسے امراض میں مبتلا ہیں جن کے سبب کورونا شکار ہوسکتے ہیں ان تمام کی تفصیلات یکجا کی جاچکی ہیں اور انہیں احتیاط برتنے کی ہدایت دی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں کورونا وائرس ٹسٹ کے لئے 72؍لیباریٹریاں قائم کی گئی ہیں۔ ان تمام مراکز میں روزانہ 15؍ہزار لوگوں کے ٹسٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ریاست کی فی لاکھ آبادی میں سے 7500افراد کا کورونا ٹسٹ کروایا جاچکا ہے اور ان میں سے صرف 1.6فیصد لوگ کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھتی جارہی ہے۔ تمام اضلاع میں متاثرین کے علاج کے لئے ضلعی اسپتالوں کو کووِڈ سنٹرس میں بدلاگیا ہے۔ ان اسپتالوں کو جدید ترین وینٹی لیٹرس اور آئی سی یو میں درکار جدید طبی آلات مہیا کروائے گئے ہیں۔ مختلف ریاستوں میں متاثرین کے علاج کے لئے جو مؤثر پیمانے اپنائے گئے ہیں ان پر طبی ماہرین سے مشورہ کرکے کرناٹک میں بھی ان ہی کے مطابق علاج کیا جارہا ہے۔
کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے حکومت کرناٹک کی طرف سے جدید ٹکنالوجی کے استعمال کی تفصیل دیتے ہوئے ایڈی یورپا نے کہاکہ آروگیہ سیتو اور آپتا مترا جیسے موبائل اپلی کیشنس کے ذریعہ کووِڈ متاثرین کی نگرانی کے ساتھ ساتھ کوارنٹائن ہونے والوں پر نظر رکھنے کا جو انتظام کیاگیا ہے اس کو ملک بھر میں مثالی قرار دیاگیا ہے۔
اس میٹنگ کے بعد وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کرناٹک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے حکومت کی طرف سے کئے گئے انتظام پر وزیراعظم نے اطمینان ظاہر کیا اور اب تک ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے بنگلورمیں اس مرض کو عوامی شکل اختیارکرنے سے روکنے کیلئے اپنائی گئی احتیاط کو انہوں نے قابل تعریف قراردیا۔